ڈیرہ اسماعیل خان: (دنیا نیوز) سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشت گردی کی بڑی کارروائی کو ناکام بنا دیا، ٹانک میں امن دشمنوں کے خفیہ ٹھکانوں پر آپریشن کے دوران کرنل مجیب الرحمان شہید ہو گئے، فائرنگ کے تبادلے میں 2 انتہائی مطلوب دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے ٹانک میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشتگردوں کے ٹھکانوں پر آپریشن کیا۔ گھیراؤ میں آنے پردہشتگردوں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں کرنل مجیب الرحمان شہید ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد ہلاک ہوگئے، مارے جانے والے دہشت گردوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود اور مواصلاتی آلات قبضے میں لے لیے گئے۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 46 سالہ شہید کرنل مجیب الرحمان کا تعلق استور کے علاقے بونجی سے تھا۔ انہوں نے سوگوران میں ایک بیوہ، 3 بیٹے اور ایک بیٹی کو چھوڑا ہے۔
ادھر وزیرِاعظم نے ٹانک میں دہشتگردوں کیخلاف کامیاب کارروائی پر فورسز کو خراج تحسین پیش کیا، عمران خان نے شہید کرنل مجیب الرحمان کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے درجات کی بلندی کی دعا کی۔
عمران خان کا کہنا تھا پوری قوم افواج پاکستان اور سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کی معترف ہے، سیکیورٹی فورسز کی بے مثال قربانیوں کے باعث دہشتگردی کا خاتمہ ہوا، سیکیورٹی فورسز کی قربانیوں کی بدولت ہی امن کی شمع روشن ہوئی ہے۔