لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب نے کرونا وائرس سے بچاؤ کے اقدامات پر عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا متعلقہ ادارے اور محکمے کئے جانے والے اقدامات، گائیڈ لائنز پر ہر صورت عملدرآمد کرائیں۔
سردار عثمان بزدار نے اپنے بیان میں کہا حکومت نے عوام کی حفاظت کیلئے بروقت اقدامات کئے ہیں، حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات پر عملدرآمد میں کوتاہی کی کوئی گنجائش نہیں، عوام کی زندگیوں کو محفوظ بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھا رہے ہیں، موجودہ حالات میں عوام کیساتھ کھڑے ہیں اور کھڑے رہیں گے، غیر معمولی حالات غیر معمولی اقدامات کے متقاضی ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا عوام ہجوم والی جگہ پر جانے سے گریز کریں، بیرون ملک سے آنیوالے پاکستانی اپنا طبی معائنہ کرا کر اپنی اور فیملی کی حفاظت یقینی بنائیں، صحت کی حفاظت کیلئے احتیاط اور بچاؤ کے اقدامات کو ترجیح دی جائے، حکومت پنجاب ہر سطح پر متحرک ہے، احتیاطی تدابیر اور پیشگی اقدامات کے بہتر نتائج سامنے آ رہے ہیں، ماسک اور طبی آلات کی ذخیرہ اندوزی کرنیوالوں کیخلاف صوبہ بھر میں نتیجہ خیز اقدامات کئے گئے ہیں، ہسپتالوں میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی ٹریننگ پر بھی فوکس ہے۔