وزیراعظم کے احکامات پر پاک افغان چمن بارڈر صرف تجارت کیلئے کھول دیا گیا

Last Updated On 21 March,2020 11:59 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) وزیراعظم کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے پاک افغان چمن بارڈر صرف تجارت کیلئے کھول دیا گیا، درجنوں ٹرک افغانستان میں داخل، پیدل آمدورفت کیلئے داخلی اور خارجی راستے مکمل بند ہیں۔

کسٹم حکام کے مطابق پہلے مرحلے میں پاکستان سے ٹرانزٹ اور ایکسپورٹ کے ٹرک اور کنٹینرز چھوڑ رہے ہیں، افغانستان جانے والے ٹرکوں میں فریش فروٹ، سبزی جات شامل ہیں، باب دوستی پر ٹرکوں کی چیکنگ کے بعد داخل ہونے دیا، پہلے مرحلے میں 50 سے زائد خوردنی اشیاء سے بھرے ٹرک افغانستان میں داخل ہوئے، 50 سے زائد کنٹینرز اور ٹرکوں کی گذشتہ روز کلیئرنگ کا عمل مکمل کیا گیا تھا۔

کسٹم حکام کا کہنا ہے چمن میں پھنسے افغان ٹرانزٹ ٹریڈ، ایکسپورٹ کے خوردنی اشیاء کے کنٹینرز اور ٹرک چھوڑے جا رہے ہیں، کورونا وائرس کی روک تھام کے سلسلے میں پاک افغان بارڈر باب دوستی گزشتہ 20 روز تک بند رہا، وزیر اعظم عمران خان کی ہدایت پر افغانستان کے لئے ٹریڈ بحالی کے احکامات جاری ہونے کے بعد سرحد کو کھولا گیا۔
 

Advertisement