اسلام آباد: (دنیا نیوز) فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کو برؤے کار لاتے ہوئے 40 سے زائد شہری سہولیات شہریوں کو ان کی دہلیز تک پہنچانا وزیر اعظم عمران خان کے عوام دوست حکومت کے وژن کا عملی ثبوت ہے۔
وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ عوام کی خدمت پر مبنی مستعد اور متحرک نظام کی تشکیل وزیر اعظم کا اصل مقصد ہے، عمران خان کا منفرد ایپ کے اجراء کا اقدام جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہریوں کی سہولیات میں اضافہ کرنے کا آئینہ دار ہے، یہ ایپ شہریوں کو ان کے گھروں میں ان کے مسائل کی حل کی راہ ہموار کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔
فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ عوام کو سرکاری دفاتر کے چکر نہیں لگانا پڑیں گے، اپنی ضروریات کی تکمیل کیلئے آن لائن رابطہ کر سکیں گے، پوری قوم کو کورونا وائرس کی چیلنج سے نمٹنے کے لیے ایک ہونا ہے، ہر فرد کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہے، اس ایپ کی بدولت شہری کسی بھی فارمیسی میں ماسک کی کمی یا مہنگے داموں فروخت کی نشاندہی کر سکیں گے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا یہ ایپ تمام متعلقہ اداروں میں کوارڈینیشن اور ہم آہنگی کو فروغ دے گی، علاوہ ازیں اس میں ای پولیسنگ، ایمرجنسی سروسز، ڈومیسائل، شناختی کارڈ، اراضی فرد، اسلحہ لائسنسز، گاڑیوں کی رجسٹریشن، ٹوکن ٹیکسز کی ادائیگی بھی ہو سکے گی۔