اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریٹائرڈ ایڈمرل جمیل اختر کو بطور چیئرمین کراچی پورٹ بحال کر دیا۔ عدالت نے حکومت کا نیا چیئرمین تعینات کرنے کا نوٹی فیکشن معطل کر دیا۔
اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ ان کے موکل کو وفاقی حکومت نے چئیرمین کراچی پورٹ کو عہدے سے غیر قانونی طریقے سے ہٹا دیا، عہدے سے ہٹانے کیلئے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے گئے۔
عدالت نے 25 مارچ کو وفاقی حکومت کی جانب سے ڈائریکٹر جنرل پورٹس ایںڈ شپنگ شکیل جونیجو کو بطور قائم مقام چیئرمین کراچی پورٹ تعینات کرنے کا نوٹیفیکشن آئندہ سماعت تک معطل کر دیا۔ سیکرٹری کابینہ ڈویژن، وزیر اعظم کے پرنسپل سیکرٹری، صدر پاکستان کے پرنسپل سیکرٹری، سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ ڈویژن، وزارت میری ٹائم افئیرز سمیت تمام فریقین کو 31 مارچ سے قبل تحریری جواب جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔