راولپنڈی: (دنیا نیوز) پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے دستے ملک بھر میں سول انتظامیہ کی معاونت کر رہے ہیں۔ تفتان میں 600 افراد کیلئے قرنطینہ مرکز قائم کیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق وفاق و صوبائی انتظامیہ کورونا وائرس سےعوام کے تحفظ میں مصروف ہے، فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے مختلف داخلی و خارجی راستوں کو مانیٹر کر رہے ہیں۔ ملک بھر میں 182 قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آزاد کشمیر میں کوٹلی، بھمبر، میرپور، مظفرآباد میں جوان تعینات ہیں، باغ، راولاکوٹ، کیل اور برنالہ میں فوجی جوان تعینات ہیں۔
آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق بلوچستان کے 9 اضلاع میں فوجی جوان خدمات انجام دے رہے ہیں، آوران، چاغی، لسبیلہ، قلات، گوادر، سبی، خضدار، نوشکی کےعلاقےشامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق تفتان میں 600 افراد کیلئے قرنطینہ مرکز قائم کیا گیا ہے، چمن میں 805 خیموں پر مشتمل قرنطینہ مرکز بنایا گیا ہے، چمن کے گاؤں کلی فیضو میں 300 افراد کیلئے کنٹینرمیں قرنطینہ بنائے گئے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق گلگت بلتستان کے 10 اضلاع میں قرنطینہ مراکز قائم کیے گئے ہیں، پاک فوج کے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے خنجراب پاس سے طبی آلات کی منتقلی کی گئی چین سے درآمد 5 وینٹی لیٹر، ماسک، میڈیکل اور ٹیسٹنگ کٹس کی منتقلی کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق خیبرپختونخوا کے 26 اضلاع میں پاک فوج کے جوان خدمات انجام دے رہے ہیں، چاروں انٹرنیشنل بارڈر ٹرمینلز میں نقل و حرکت کی نگرانی کی جا رہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق لنڈی کوتل میں 1500 افراد کیلئے قرنطینہ مرکز قائم کیا گیا ہے، پاک فوج کی جانب سے 4 ہزار مشتبہ کورونا کیسزکی ٹریکنگ کی گئی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پنجاب کے 34 اضلاع میں مشترکہ چیک پوسٹیں اور پٹرولنگ کی جارہی ہے، لاہور ایکسپورسینٹر، فیصل آباد اور ملتان میں قرنطینہ مراکز میں معاونت کی جارہی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سندھ کے 29 اضلاع میں بھی تمام داخلی اور خارجہ مراکز کی نگرانی جا رہی ہے، کراچی ایکسپوسینٹرمیں قرنطینہ مرکزمیں سول انتظامیہ کی مددکی جارہی ہے۔