کورونا وائرس کے سدباب کیلئے پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو ٹاسک دیا جائیگا

Last Updated On 29 March,2020 05:50 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت کور کمیٹی اجلاس میں کیا گیا۔ ریلیف ٹائیگرز پروگرام میں پارٹی عہدیداروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔

تفصیل کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کورونا وائرس کے پیش نظر مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور صوبوں میں اس موذی مرض سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔

اجلاس میں ایئرپورٹس پر حفاظتی اقدامات سے متعلق بھی بریفنگ دی گئی جبکہ ملک میں اشیائے ضروریہ کی بلا تعطل فراہمی کیلئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے عوام میں آگاہی سے متعلق مشاورت کرتے ہوئے ریلیف پیکج کو مستحق افراد تک پہنچانے کیلئے رضا کار فورس کی حکمت عملی طے کر لی گئی ہے۔

اس سلسلے میں ملک بھر میں پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کو خصوصی ٹاسک دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ پارٹی عہدیداروں کو کورونا ریلیف ٹائیگرز پروگرام میں شامل کیا جائے گا۔

اس موقع پر وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ یقین ہے قوم متحد ہو کر وبا کا مقابلہ کرے گی۔ حکومت کی تمام توجہ غریب اور نادار طبقے پر ہے۔ مزدور طبقہ حکومت کی ترجیح ہے۔