لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبے میں آٹے سمیت اشیا کی قیمتوں میں استحکام کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کا حکم دیدیا ہے۔
انہوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ عوام کو آٹے اور اشیائے ضروریہ کی مقررہ قیمتوں پر دستیابی ہر صورت یقینی بنائی جائے۔ موجودہ حالات میں عام آدمی کے مفادات کا پورا تحفظ کریں گے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے ذخیرہ اندوزوں اور ناجائز منافع خوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم ذخیرہ دیتے ہوئے قانون کے تحت بلا تفریق کارروائی کا حکم دیدیا ہے۔
انہوں نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کارروائی کرکے رپورٹ وزیراعلیٰ آفس بھجوائیں۔ عوام کو اشیائے ضروریہ مقرر کردہ نرخوں پر فراہم کرنے کیلئے تمام انتظامی اختیارات استعمال کئے جائیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ اشیائے ضروریہ کے نرخوں میں ناجائز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائیں گے۔ عوام کو ریلیف دینا ہماری مشترکہ ذمہ داری اور فرض بھی ہے۔
وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ پرائس کنٹرول کیلئے موثر میکنزم پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔ گراں فروشی کرنے والے قانون کے ساتھ معاشرے کے بھی مجرم ہیں۔ پرائس کنٹرول کیلئے کئے جانے والے اقدامات کی خود نگرانی کروں گا۔ کسی کو صوبے کے عوام کا استحصال نہیں کرنے دوں گا۔