اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی ایم ڈی سی کو بحال کرنے کا حکم

Last Updated On 30 March,2020 12:21 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اسلام آباد ہائیکورٹ نے وفاقی حکومت کو فوری طور پر پی ایم ڈی سی کے تالے کھولنے کا حکم دے دیا۔ وزارت صحت میں نئے ڈاکٹرز کی رجسٹریشن کے لیے قائم ڈیسک بند کرکے ڈاکٹرز کی رجسٹریشن کا اختیار پی ایم ڈی سی کو سونپ دیا۔

پی ایم ڈی سی نہ کھلنے پر اسلام آباد ہائی کورٹ برہم، فیصلہ پر عملدرآمد نہ ہونا عدالت کے منہ پر تھپڑ قرار، تالے توڑ کر رجسٹرار کو بٹھانے کا حکم دیا۔ وزیروں اور اعلیٰ حکام کو جیل بھیج دوں گا، جسٹس محسن اختر کیانی نے سخت ریمارکس دیئے۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے پی ایم ڈی سی بحال نہ کرنے پر توہین عدالت کی درخواست پر سماعت کی، جسٹس محسن اختر کیانی کا کہنا تھا وفاقی حکومت عدالت کے منہ پر تھپڑ مار رہی ہے۔ ابھی جائیں اور پی ایم ڈی سی کے تالے توڑ کر رجسٹرار کو ان کے دفتر میں بٹھا کر آئیں۔

سیکرٹری صحت کی عدم حاضری پر جسٹس محسن نے ریمارکس دیئے کہ ان کو چھ ماہ کے لئے جیل بھیجنے کا حکم دیتا ہوں، ایس ایچ او جائیں اور سیکرٹری ہیلتھ کو گرفتار کر کے جیل بھیجیں۔ ایمرجنسی میں وفاقی حکومت جو کام کر رہی ہے وہ تباہ کن ہے۔ سیکرٹری سے کہیں کرونا ٹیسٹ کروا کے آئیں، میں انہیں آج ہی جیل بھیجوں گا۔

عدالت نے وزارت صحت میں نئے ڈاکٹرز کی رجسٹریشن کے لیے قائم ڈیسک بھی بند کرتے ہوئے ذمہ داری پی ایم ڈی سی کو سونپ دی۔