پشاور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کورونا وائرس کی وجہ سے سماجی فاصلہ ناگزیر ہے، اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو کنٹرول میں رکھنے کی بھر پور کوشش کر رہے ہیں، ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت ایکشن لیں گے۔
بنوں میں قرنطینہ سنٹر کے دورہ کے موقع پر وزیراعلیٰ کے پی کا کہنا تھا طبی آلات کی کمی دور کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، کورونا وائرس سماجی میل ملاپ سے پھیلتا ہے، ہم سب مل کر اس وبا کیخلاف لڑیں گے، بنوں میں انتظامی معاملات پر مطمئن ہوں، کورونا پر قابو پانے کیلئے عوام کا تعاون ضروری ہے، ہم کرفیو نہیں لگانا چاہتے، لوگ بلا ضرورت گھروں سے نہ نکلیں،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا جوبھی ذخیرہ اندوزی میں ملوث ہوا،اس کونہیں چھوڑیں گے۔
محمود خان نے مزید کہا غریب خاندانوں کو نقد رقم دیں گے، چاہتے ہیں لوگ بیروزگار نہ ہوں، ڈیٹا میں شامل افراد کو 2 سے 4 دن میں امداد مل جائے گی، مستحق افراد کی رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
قبل ازیں وزیراعلی کے پی محمود خان نے بنوں یونیورسٹی میں قائم قرنطینہ سنٹر کا دوررہ کیا جہاں وزیر ٹرانسپورٹ ، کمشنر و دیگر افسران نے ان کا استقبال کیا۔ کمشنر عادل صدیق نے محمود خان کو قرنطینہ سنٹر اور مہیا کی جانی والی سہولیات بارے بریفنگ دی۔