اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان سے معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات ہوئی جس میں کورونا ریلیف ٹائیگر فورس کی تشکیل اور رجسٹریشن سے متعلق مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم عمران خان کا اس موقع پر کہنا تھا کہ نوجوان ملک کا اثاثہ ہیں، انھیں کسی سطح پر مایوس نہیں کریں گے۔ قومی جذبے کے تحت فورس کی تشکیل کا عمل جلد مکمل کیا جائے۔
معاون خصوصی عثمان ڈار نے رجسڑیشن کے مرحلے اور تازہ اعدادوشمار پر وزیراعظم کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ 24 گھنٹے کے دوران رجسٹرڈ نوجوانوں کی تعداد 3 لاکھ کے قریب پہنچ چکی ہے، 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد نوجوان ٹائیگر فورس کا حصہ بن چکے ہیں۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کی جانب سے زبردست رسپانس پر اظہار خوشی کیا اور کہا کہ ملک کے نوجوانوں سے اسی قسم کے جذبے کی امید تھی۔ ٹائیگر فورس میں خواتین کی بھی بھرپور شرکت سامنے آئی۔ ملک بھر سے ساڑھے 6 ہزار خواتین نے بھی خود کو رجسٹر کروا لیا ہے۔
ملاقات کے دوران ٹائیگر فورس کے کام کرنے کے طریقہ کار پر بھی مشاورت کی گئی۔ عثمان ڈار نے اس حوالے سے کہا کہ ٹائیگر فورس کے آپریشنل معاملات صوبے خود دیکھیں گے۔ چیف سیکرٹریز، ڈپٹی کمشنرز اور عوامی نمائندے بھی براہ راست معاونت کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کو بھرپور معاونت فراہم کرے گی۔ وزیراعظم نے مختصر وقت میں بہترین کام کرنے پر معاون خصوصی کی کوششوں کو سراہا۔