اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر پاک بحریہ کی جانب سے ساحلی علاقوں سمیت مختلف شہروں میں راشن تقسیم کیا گیا ہے۔
تفصیل کے مطابق پاک بحریہ نے جذبہ خیر سگالی کے تحت گوادر، پسنی، بن قاسم، سومیانی، شاہ بندر، کیٹی بندر اور دیگر ملحقہ علاقوں کے مستحق خاندانوں کے لیے ایک ماہ کا راشن فراہم کیا۔
علاوہ ازیں پاک بحریہ نے کراچی، لاہور، فیصل آباداور بہاولپور کے علاقوں میں بھی راشن تقسیم کیا۔ اس کیساتھ ساتھ پاک بحریہ کے جوانوں نے کورونا وائرس سے بچاﺅ کے لیے آگہی مہم کا انعقاد کیا اور ذاتی تحفظ کا سامان تقسیم کیا۔
پاک بحریہ ویمن ایسوسی ایشن نے کراچی میں کم آمدنی والے سیویلین سٹاف، ماہی گیروں کی ایسوسی ایشن اور اسلام آباد کے کورونا وائرس سے متاثرہ علاقہ بارہ کہو اور اس سے ملحقہ علاقوں میں بھی راشن تقسیم کیا۔
کورونا وائرس سے پیدا ہونے والی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پاک بحریہ اس عظیم قومی مقصد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے لیے پر عزم ہے۔