لاہور: (دنیا نیوز) کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کے لئے ہائیڈروکسی کلوروئین اور ایزیتھرو مائی سین دوائیاں فائدہ مند ثابت ہونے لگی ہیں۔ مریضوں کو ان ادویات کا پانچ دن کا کورس مکمل کرایا گیا، اب تک اٹھارہ مریض صحتیاب ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اینٹی ملیریا کیلئے استعمال ہونے والی دو دوائیوں ہائیڈروکسی کلوروئین اور ایزیتھرو مائی سین کو کورونا وائرس کے مریضوں پر استعمال کرنے کے کامیاب نتائج سامنے آ رہے ہیں۔
متاثرہ مریضوں کو ہائیڈروکسی کلوروئین پہلے روز دو گولیاں صبح اور دو شام دی گئیں جبکہ باقی چار دن ایک گولی صبح اور ایک شام دی جا رہی ہے۔
کورونا ایڈوائزری گروپ کے کوچیئرپرسن اسد اسلم نے اس بارے میں بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ گلے کی سوزش، بیکٹریا، جلد کے انفیکشن، آنکھ اور کان کے انفیکشن کے لئے استعمال ہونے والی ایزیتھرومائی سین ایک گولی صبح اور شام پانچ دن کا کورس مکمل کروایا جاتا ہے۔ تمام سرکاری ہسپتالوں میں یہ ادویات استعمال کروا کر مریضوں کو صحت یاب کیا جارہا ہے۔
ڈاکٹر اسد کا مزید کہنا تھا نجی معالج بھی یہ دو ادویات اپنے کورونا کے مریضوں کو استعمال کر سکتے ہیں۔ تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ یہ دوا اپنے معالج کے مشورہ کے بغیر کھانے سے سائیڈ ایفیکٹ بھی کر سکتی ہے، اس لئے ڈاکٹر کی مشاورت کے بغیر اسے استعمال نہ کیا جائے۔
پروفیسر اسد اسلم نے بتایا کہ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کورونا کے مریضوں کو دو ادویات کا پانچ دن کا کورس مکمل کرایا گیا، اب تک اٹھارہ مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔ ان مریضوں میں میو ہسپتال کے 8، پی کے ایل آئی کے 4 اور پنجاب کے دیگر اضلاع سے 5 مریض صحتیاب ہوئے۔