کراچی: (دنیا نیوز) قرنطینہ میں رکھے گئے قومی ایئر لائن کے چاروں پائلٹس اور عملے کے ٹیسٹ منفی آ گئے ہیں۔ سیکریٹری صحت نے پائلٹس کو جانے کی اجازت دے دی۔
پالپا نے پائلٹس کو مزید پروازیں آپریٹ کرنے سے روک دیا تھا۔ پی آئی اے کے فضائی عملے کو کراچی میں قرنطینہ کرنے کے معاملے پر وضاحت بھی جاری کی گئی تھی۔
تفصیل کے مطابق محکمہ صحت سندھ کی جانب سے پی آئی اے کے فضائی عملے کو زبردستی قرنطینہ کرنے کے معاملے میں پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سیکریٹری صحت نے چاروں پائلٹس اور عملے کو کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر جانے کی اجازت دے دی ہے۔
لندن سے آنے والی فیری پرواز کے پائلٹس اور دیگر عملے کو آج کورونا کے شبے میں کراچی ایئرپورٹ پر قرنطینہ میں رکھا گیا۔ حفاظتی انتظامات اور ایس او پیز کی خلاف ورزی پر پالپا نے تحفظات کا اظہار کیا تھا۔
پالپا کی جانب سے کہا گیا کہ آپریشن شروع کرنے کے لیے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر رضامندی ظاہر کی تھی مگر انتظامیہ محفوظ ماحول فراہم کرنے میں ناکام ہے۔ ممبران کی صحت ہماری سب سے پہلی ترجیح ہے۔
قومی ایئرلائن کے سی ای او ایئر مارشل ارشد ملک نے ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پی آئی اے حکومت پاکستان کے مقرر اور واضح کردہ ہدایات پر سختی سے عمل پیرا ہے۔ خالی جہاز کی لندن سے واپسی سے 3 گھنٹے قبل تمام حکام کو اطلاع کردی گئی تھی۔ ہدایات کے باوجود محکمہ صحت سندھ کے عملے نے کپتانوں کو زبردستی قرنطینہ کرنے پر اصرار کیا۔ جب تک ایئرپورٹس پر حکومت پاکستان کی واضح کردہ ہدایات میں ہم آہنگی نہیں آتی جب تک کراچی سے فضائی آپریشن معطل رہے گا۔