پاکستانی نژاد سابق میئر آف نیو ہیم کونسلر عبد الکریم کرونا کے باعث انتقال کرگئے

Last Updated On 13 April,2020 11:00 am

لندن: (دنیا نیوز) پاکستانی نژاد سابق میئر آف نیو ہیم کونسلر عبد الکریم شیخ کرونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگئے، مرحوم کی عمر 83 برس تھی۔

نیو ہیم کونسل میں کرونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 736 ہوگئی، عبد الکریم شیخ پاکستان میں پیدا ہوئے جبکہ 60 کی دہائی میں ہجرت کر کے برطانیہ سکونت اختیار کر لی۔ برطانیہ آنے کے بعد عبد الکریم شیخ نے فورڈ کمپنی میں نوکری کی جبکہ 80 کی دہائی میں باقاعدہ برطانوی سیاست میں قدم رکھا۔

قبل ازیں انہوں نے آزاد حیثیت سے کونسلر کے انتخاب میں حصہ لیا لیکن کامیاب نہ ہو سکے، اس کے بعد عبد الکریم شیخ نے لیبر پارٹی میں شمولیت اختیار کر لی اور 1990 میں پہلی بار کونسلر منتخب ہو گے، 1998 میں عبد الکریم شیخ ایسٹ لندن کی کونسل نیو ہیم کے پہلے پاکستانی میئر منتخب ہوئے۔

2005 میں لیبر پارٹی قیادت سے اختلافات کی وجہ سے انہوں نے لیبر پارٹی چھوڑ کر کنزرویٹو پارٹی میں شمولیت اختیار کرلی۔ مرحوم نے نیو ہیم میں آباد مسلمان کمیونٹی کے لئے ویسٹ ہیم قبرستان کے علاوہ دیگر معاملات میں کمیونٹی کی نمائندگی کی اور ان کو سہولیات کی فراہمی میں اہم کردار ادا کیا۔
 

Advertisement