لاہور: (دنیا نیوز) ملک بھر میں لاک ڈاؤن میں 30 اپریل تک توسیع کر دی گئی، نئے نوٹی فکیش پر عملدرآمد، الیکٹریشن، پلمبر، کارپیٹنرز کی دکانیں مختلف شہروں میں کھل گئیں۔
پنجاب حکومت نے لاک ڈاؤن میں 25 اپریل کی رات 12 بجے تک کیلئے توسیع کی ہے۔ سیمنٹ مینوفیکچرنگ پلانٹس، ٹرانسفارمر مینوفیکچرنگ انڈسٹریز بھی اوپن ہے، کیمیکل انڈسٹری، ٹیکنالوجی ہارڈ وئیر اور آئی ٹی کمپنیز بھی کھل گئیں۔
الیکٹریشن، پلمبر، کار پینٹرز اور درزیوں نے بھی کام شروع کر دیا ہے، بجری، اینٹوں اور سیمنٹ کی دکانیں بھی کھلی ہیں۔ ویٹرنری سروسز، پیپر اینڈ پیکجنگ انڈسٹری، ریئل سٹیٹ، گلاس مینوفیکچرنگ یونٹس، ہارٹی کلچر اور بک شاپس بھی اوپن ہیں۔ پٹرول پمپس، میڈیکل سٹورز، کال سینٹرز رات 8 بجے تک کھلے رہیں گے۔ فیصل آباد سمیت مختلف مقامات پر حکومتی احکامات پر خلاف ورزی بھی نظر آئی، حجام کی دکانیں کھلی نظر آئیں۔
سندھ میں لاک ڈاؤن کے نئے نوٹیفکیشن پر عملدرآمد شروع ہوگیا، کاروباری سرگرمیوں کی مشروط اجازت ہے، پلمبر، سٹیشنری، کارپینٹر، ڈرائی کلینر، لانڈری اور دیگر دکانیں کھلی ہیں، شہر میں پابندی کے باوجود حجام کی دکانیں کھلی رہیں اور حکومتی احکامات کی بھرپور خلاف ورزی کی گئی۔
پشاور سمیت خیبرپختونخوا بھر میں بھی سیمنٹ، سریا، موٹرسائیکل مکینک کی دکانیں کھلی ہیں، عمارتی لکڑی سمیت دیگر دکانیں اور ورکشاپس اوپن ہیں۔ کوئٹہ سمیت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی مارکیٹس اور دکانیں کھلی ہیں، زرعی اجناس، تعمیراتی سامان اور گودام بھی اوپن ہیں، جانوروں کے کھانے اور ان کی ادویات کی دکانیں بھی کھلی ہیں، میڈیکل سٹورز، راشن کی دکانیں اور تندور بدستور کھلے ہیں۔