واشنگٹن: (دنیا نیوز) امریکا میں کورونا سے صورتحال بے قابو ہوگئی، ایک روز میں 2407 افراد جان کی بازی ہار گئے، مرنے والوں کی تعداد 26 ہزار 47 تک جاپہنچی، 6 لاکھ 13 ہزار 886 امریکی کورونا کا شکار ہوچکےہیں۔
امریکی صدر نے دنیا بھر میں کورنا وائرس کے باعث ہونے والی ہلاکتوں کا ذمہ دار ڈبلیو ایچ کو ٹھہرا دیا۔ انہوں نے کہا عالمی ادارہ صحت نے ہلاکتوں کے بارے میں دنیا کو غلط معلومات پہنچائی۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وائرس کے حوالے سے دی جانے والی بریفنگ کے دوران عالمی ادارہِ صحت کے لیے فنڈنگ روکنے کا بھی اعلان کیا۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ یہ وقت عالمی ادارہ صحت یا کسی بھی تنظیم جو عالمی وبا سے لڑ رہی ہے کی فنڈنگ روکنے کا نہیں ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق یہ وقت متحد رہنے کا ہے تاکہ وائرس کے خطرناک نتائج کو روکا جاسکے۔
عالمی وبا سے نمٹنے کے لیے طبی سامان کے مطالبے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نیویارک کے گورنر پر برس پڑے اور ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کومو روزانہ تقریبا ہر گھنٹے فون کر رہے ہیں، ہر چیز مانگ رہے ہیں، جن میں سے بیشتر ریاست کی ذمہ داری ہونی چاہیے تھی جیسا کہ نئے ہسپتال، بستر، وینٹیلیٹر وغیرہ ہیں۔
لاک ڈاؤن کے خاتمے کے حقوق کے حوالے سے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور امریکی ریاستوں کے گورنرز کے درمیان لڑائی جاری ہے۔ صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا شاید یکم مئی سے پہلے کھل جائے گا۔ ریاست نیویارک کے گورنر کا کہنا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے کہنے پر لاک ڈاؤن نہیں ہٹائیں گے۔