شیری رحمان کا کورونا وائرس بحران میں پارلیمان کے متحرک کردار کا مطالبہ

Last Updated On 15 April,2020 05:55 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما شیری رحمان نے کورونا وائرس بحران میں پارلیمان کے متحرک کردار کا مطالبہ کر دیا ہے۔

شیری رحمان کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ صورتحال میں فیصلہ سازی، صحت اور اقتصادی پالیسی کی افادیت پر اہم سوال اٹھ رہے ہیں۔ اس وقت میں پارلیمنٹ کے اہم کردار کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

رہنما پیپلز پارٹی نے کہا کہ پارلیمنٹ کے حکومت کی جانچ پڑتال اور قیادت فراہم کرنے کے اہم کردار کو بھی صرف نظر نہیں کیا جا سکتا۔ موجودہ ہنگامی صورتحال میں بحث ومباحثہ، گفتگو اور اصلاحات کرنے کے مطالبات بڑھ رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سینیٹ آف پاکستان کا پہلا کام بحران کے وقت ہم آہنگی اور اتحاد پیدا کرنا ہے۔ ملک بھر میں حکومتوں کے ذریعہ جمع کردہ اعدادوشمار کی شفافیت پر تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کو بھی اتفاق رائے پر مبنی پالیسی کی تشکیل دینے میں مسائل کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ آرٹیکل 167 پارلیمنٹ کو اپنے طریقہ کار اور اس کے کاروبار کو چلانے کے لئے قواعد بنانے کا اختیار بھی دیتا ہے۔
 

Advertisement