اسلام آباد: (دنیا نیوز) لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ این ڈی ایم اے کی جانب سے کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے حفاظتی سامان کی خریداری پاکستان کی مقامی مارکیٹ سے کی جائے گی۔
چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ مقامی مارکیٹ سے حفاظتی سامان کی خریداری کا فیصلہ ملکی صنعت کو ترقی دینے اور کاروبار کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کے مطابق پاکستان میں این 95 ماسک کے علاوہ تمام حفاظتی سامان کی تیاری شروع ہو چکی ہے۔ سامان کی خریداری کیلئے مطلوبہ معیار اور مقدار کے مطابق سپلائی فراہم کرنے والی مقامی کمپنیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے علاوہ اگر کوئی کمپنی ملکی سطح پر این 95 ماسک بنائے گی تو اُس کو مکمل تعاون اور رہنمائی فراہم کی جائے گی اور اپریل کے مہینے کے آخر تک ایک لاکھ این 95 ماسک بھی تیار ہونا شروع ہو جائیں گے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل کا کہنا تھا کہ ان اقدامات سے مقامی مارکیٹ کی پیداوار میں استحکام آئے گا اور ملکی معیشت مضبوط ہو گی۔ بین الاقوامی مارکیٹ سے سامان کی خریدار ی کو محدود کیا جائے گا اور صرف وہ سامان جو مطلوبہ مقدار اور معیار کے مطابق مقامی مارکیٹ میں میسر نہیں ہو گا بین الاقوامی مارکیٹ سے خریدا جائے گا۔