لاہور ہائیکورٹ کا آشیانہ ریفرنس کا ٹرائل 4 ماہ میں مکمل کرنے کا حکم

Last Updated On 17 April,2020 02:09 pm

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے احتساب عدالت کو شہباز شریف، احد چیمہ اور دیگر کے خلاف آشیانہ ریفرنس کا ٹرائل چار ماہ میں مکمل کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے کہا احتساب عدالت چار ماہ میں ٹرائل مکمل کر کے ریفرنس کا فیصلہ سنائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے احد چیمہ کی درخواست ضمانت کا 16 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے میں کہا گیا کہ احد چیمہ کی ضمانت سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کا فیصلہ ٹرائل پر اثرانداز نہیں ہوگا، ریکارڈ کے مطابق احد چیمہ اور دیگر نے فوائد حاصل کرنے کے لیے ایک دوسرے کو سہولت فراہم کی، احد چیمہ کے کیے گئے اقدامات عوامی مفاد میں نہیں تھے۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ وائٹ کالر کرائم پورے معاشرے کو متاثر کرتے ہیں، ریکارڈ کے مطابق ملزم احد چیمہ نے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے شریک ملزم شاہد شفیق کو کنٹریکٹ دیا، ملزم اس وقت ضمانت کا حقدار ہوتا ہے جب ریکارڈ اور ملزم کے کیے گئے ایکٹ کا آپس میں تضاد ہو، احد چیمہ ضمانت کے حقدار نہیں ہیں۔