کورونا وائرس کے پیش نظر ملک بھر میں پاک بحریہ کی امدادی سرگرمیاں جاری

Last Updated On 18 April,2020 06:40 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) جہاں قوم اس وقت کورونا وائرس کی آفت سے لڑ رہی ہے وہاں پاک بحریہ کی ملک کے دیہی اور شہری آبادیوں کے ساتھ دور دراز علاقوں میں ضرورت مند خاندانوں کے لیے امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔

امدادی کاروائیوں کے دوران سندھ اور بلوچستان کے ساحلی اور کریکس کے علاقوں میں بڑی تعداد میں راشن اورحفاظتی ماسک تقسیم کیے گئے۔

علاوہ ازیں پاک بحریہ کی امدادی ٹیموں نے گوادر اور اس سے ملحقہ علاقے، جیوانی، پشوکن، سربندر، گڈانی، جاتی، ٹھٹھہ، سجاول اورکراچی کے نواح میں چھوٹے گوٹھ / دیہاتوں میں مستحق افرادتک امداد پہنچائی۔

مزید برآں پاک بحریہ نے ملک کے دیگر شہروں بشمول بہاولپور، فیصل آباد، قصور، لاہور اور سیالکوٹ سے ملحقہ قصبوں اور دیہاتوں میں اپنی امدادی سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے مستحق افراد میں ہزاروں راشن کے تھیلے، اشیاء خوردونوش اور نقد رقم تقسیم کی۔

متعدد پسماندہ علاقوں میں مقامی حکام اور ہسپتالوں کو طبی اور ذاتی تحفظ کا سامان، جن میں ماسک، دستانے، چشمیں اور حفاظتی لباس شامل ہیں، فراہم کیے گئے۔

مستحق خاندانوں کی امداد کے لیے پاک بحریہ کے جہاز چین کی جانب سے عطیہ کردہ راشن اور اشیاء خوردونوش لے کر کراچی سے گوادر پہنچ گئے۔

پاک بحریہ ویمن ایسوسی ایشن کی جانب سے مری سے ملحقہ دیہاتوں میں ضرورت مند خاندانوں میں راشن بیگ تقسیم کیے گئے۔ کورونا کی وباء سے پیدا ہونے والے چیلنجز کے باوجود پاک بحریہ اپنے ہم وطنوں کی مدد کے لیے پر عزم ہے۔