کورونا وائرس کو شکست دینے والا شخص دورانِ جشن ہلاک ہو گیا

Last Updated On 18 April,2020 04:58 pm

عمان: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 200 سے زائد ممالک لڑ رہے ہیں، مختلف ممالک اس بیماری سے چھٹکارے کے لیے ویکسین کی تیاریوں میں مصروف ہیں، تاہم ایک خبر اردن سے آئی ہے جس نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے، جہاں پر شہری نے کورونا وائرس کو شکست دی تو ان کی صحت یابی پر جشن منایا گیا اور ہوائی فائرنگ کی گئی جس کی زد میں آ کر کورونا وائرس کو ہرانے والا شخص چل بسا۔

تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کی عالمی تباہی کی لپٹ میں ہر کوئی ہے۔ جن لوگوں کو یہ نہیں لگی وہ اس کے خوف میں رہ رہے ہیں اور یہ خوف بالکل حقیقی ہے جس سے کوئی فرار نہیں۔ یہ وبا دنیا کے مختلف ممالک میں تیزی سے ایک انسان سے دوسرے انسان تک پھیل رہی ہے۔ اس وقت دنیا کے 200 سے زائد ممالک اس وائرس کی زد میں آ چکے ہیں۔ اب تک ایک لاکھ 45 ہزار سے زائد افراد جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔

تاہم اُردن سے ایک حیران کن خبر نے سب کو ورطہ حیرت میں ڈال دیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’الجزیرہ‘ کے مطابق اردن کے شہری نے کورونا وائرس کو شکست دی جس کی صحت یابی کا جشن منایا گیا۔ ہوائی فائرنگ سے متاثرہ شخص کی جان چلی گئی۔

عرب خبر رساں ادارے کے مطابق اردن میں کزن کی ذرا سی غلطی سے کورونا سے صحتیاب ہونے والے شہری کی جان چلی گئی۔ وبا سے صحت یاب ہونے کی خوشی میں ہوائی فائرنگ گولی ہسپتال سے لوٹنے والے کزن کو لگ گئی۔ 46 سالہ سلیم سر کے پیچھے گولی لگنے سے جاں بحق ہو گئے۔