لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے آج دیپالپور کا دورہ کیا جہاں ٹی ایچ کیو ہسپتال کے آئسولیشن وارڈ میں کورونا سے متعلق اقدامات اور ڈائلسیز سینٹر میں سہولتوں کا جائزہ لیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار دیپالپور پہنچے جہاں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دیپالپور کا دورہ کیا۔ انہوں نے کورونا سے متاثرہ مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولتوں کا جائزہ لیا اور مردوں، خواتین کے آئسولیشن وارڈز کا بھی معائنہ کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ہسپتال میں ڈائلسیز سینٹر بھی دیکھا جہاں گردوں کے امراض میں مبتلا مریضوں کیلئے سہولتوں کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر وزیراعلی کا کہنا تھا کہ کورونا سے نمٹنے کیلئے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔ منتخب نمائندے انتظامیہ، پولیس متحرک انداز میں اپنے فرائض جاری رکھے ہوئے ہیں۔ موجودہ حالات میں ذمے داری بڑھ گئی ہے، فرائض کو عبادت سمجھ کر سرانجام دینا ہوگا۔