محکمہ تعلیم سندھ: تعلیمی سیشن 2020-21ء کیلئے سکولوں اور کالجز کا امتحانی شیڈول جاری

Last Updated On 21 April,2020 09:51 pm

کراچی: (دنیا نیوز) محکمہ تعلیم سندھ نے تعلیمی سیشن 2020-21ء کے لیے سکولوں اور کالجز کا امتحانی شیڈول جاری کر دیا ہے۔

محکمہ تعلیم نے سٹیرنگ کمیٹی اجلاس کے فیصلے کے بعد تعلیمی سیشن 2020-21ء کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس 7، 11 اور 16 مارچ کو منعقد ہوا تھا۔

امتحانی شیڈول کے مطابق سندھ بھر کے سرکاری اور نجی سکولوں اور کالجوں میں تعلیمی سال یکم جون جبکہ کیمرج سسٹم کا تعلیمی سال یکم اگست سے شروع ہوگا۔

یکم سے نویں جماعت کے داخلے یکم جون سے 10 جون کے درمیان ہونگے۔ جون میں ہی گیارہویں جماعت کے داخلے نویں جماعت کے امتحانی نتائج کی بنیاد پر ہونگے۔ دسویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان ہونے کے بعد ہی گیارہویں جماعت کے داخلوں کا اعلان کیا جائے گا۔

نوٹیفیکیشن کے مطابق یکم سے تیسری جماعت کے طلبہ کا تحریری ٹیسٹ اور جائزہ لینے کے بعد انہیں پروموٹ کیا جائے گا۔ چوتھی سے آٹھویں جماعت کے امتحانات یکم جون سے 15 جون تک ہونگے۔

اس کے علاوہ چوتھی سے آٹھویں جماعت کے امتحانی نتائج 15 جون کو ہی جاری کئے جائیں گے۔ سندھ میں نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 15 جون سے شروع ہونگے۔

دسویں جماعت کے امتحانی نتائج 15 اگست تک تمام بورڈز جاری کرنے کے پابند ہونگے۔ نویں جماعت کے امتحانی نتائج کا اعلان 60 روز میں جاری کیا جائے گا۔

گیارہویں اور بارہویں جماعت کے امتحانات 6 جولائی سے شروع ہونگے۔ بارہویں جماعت کے امتحانی نتائج 15 ستمبر کو جاری کئے جائیں گے گیارویں جماعت کے نتائج 60 روز بعد کئے جائیں گے۔
 

Advertisement