لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں کشمیریوں کی شہادت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ اقوام متحدہ کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرے۔
مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اپنے جاری بیان میں کہا ہے کہ پانچ روز میں 14 کشمیریوں کا قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں ریاستی دہشت گردی کے تحت قتل قابل مذمت ہے، اقوام متحدہ کشمیریوں کی نسل کشی رکوانے کے لئے اپنی قانونی ذمہ داریاں پوری کرے، سلامتی کونسل کی قراردادوں، جینیوا کنونشن اور تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کی زمین بھی ہتھیائی جا رہی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا عالمی برادری مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے لئے اپنی انسانی ذمہ داریاں پوری کرے، بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہونے والے نوجوانوں اور دیگر شہداء کے اہلخانہ سے تعزیت کرتے ہیں، اللہ تعالی شہداء کو جنت الفردوس میں درجات عطا فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل اور اجراعظیم دے۔