کورونا وائرس پھیلنے لگا، پاکستان میں مریضوں کی تعداد 13 ہزار سے تجاوز، 292 اموات

Last Updated On 27 April,2020 09:05 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں کورونا وائرس کی وبا کا پھیلاؤ کم ہونے کا نام نہیں لے رہا، آئے روز ہلاکتیں اور مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ اعدادوشمار کے مطابق ملک میں وبا میں مبتلا مریضوں کی تعداد 13915 جبکہ ہلاکتیں 292 ہو چکی ہیں۔

اب تک ملک بھر میں 150756 افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 6391 لوگوں کا ٹیسٹ کیا گیا، ان میں سے 587 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ 11 اموات رپورٹ ہوئیں۔

سرکاری اعدادوشمار کے مطابق 3029 افراد کورونا مرض سے مکمل صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔ صوبہ پنجاب کی صورتحال سب سے خطرناک ہے جہاں کے مریضوں کی تعداد دیگر صوبوں سے زیادہ ہے۔

صوبہ پنجاب میں اس وقت 5526 افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر ہسپتالوں میں زیر علاج ہے۔ دیگر صوبوں کی بات کی جائے تو صوبہ سندھ میں 4996، اسلام آباد میں 245، صوبہ بلوچستان میں 781، خیبر پختونخوا میں 1984، آزاد کشمیر میں 61 جبکہ گلگت بلتستان کے 318 کنفرم کیس ہیں۔

اموات کے لحاظ سے صوبہ خیبر پختونخوا کی صورتحال کشیدہ ہے جہاں 104 افراد اپنی زندگی کی بازی ہار چکے ہیں۔ صوبہ سندھ میں 85، صوبہ پنجاب میں 84، اسلام آباد میں 3، صوبہ بلوچستان میں 13 اور گلگت بلتستان میں اب تک 3 ہلاکتیں رپورٹ ہو چکی ہیں۔

شہر میں کورونا کے مزید 44 نئے کیسز رپورٹ، تعداد 1261 ہو گئی

لاک ڈاؤن میں نرمی کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔ کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ لاہور میں کورونا کے مزید 44 نئے کیسز رپورٹ ہونے کے بعد مصدقہ مریضوں کی تعداد 1261 ہو گئی ہے۔

ادھر پنجاب سے کورونا وائرس کے 80 نئے کیس آنے کے بعد مریضوں کی کل تعداد 5526 ہو چکی ہے۔ 768 زائرین سینٹرز، 1923 رائے ونڈ سے منسلک افراد، 86 قیدیوں، 2749 عام شہریوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ کیمپ جیل لاہور میں 59، سیالکوٹ 3، گوجرانوالہ 7، ڈی جی خان 9،جہلم میں 3، بھکر 2، فیصل آباد، قصور اور حافظ آباد میں ایک ایک قیدی کورونا کا شکار ہوا۔

ڈی جی خان 221 زائرین، ملتان 457، فیصل آباد 23 اور گوجرانوالہ میں 42 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی، رائے ونڈ مرکز میں 815، شیخوپورہ 12، منڈی بہاؤالدین 33، سرگودھا 145، میانوالی 7، وہاڑی 46، راولپنڈی 30، اٹک 16، جہلم میں 54 تبلیغی ارکان کورونا میں مبتلا ہوئے۔

عام شہریوں میں سب سے زیادہ لاہور میں کورونا وائرس کے 1261 کنفرم مریض ہیں، ننکانہ 12، قصور 57، شیخوپورہ 19، راولپنڈی 294، جہلم 55، اٹک 19،چکوال 4، گوجرانوالہ 149، سیالکوٹ 106، نارووال 15، گجرات میں 225 شہریوں میں تصدیق ہوئی، ترجمان پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کئیر کے مطابق کورونا وائرس سے اب تک کل 84 اموات ہوئیں، 1183 افراد صحت یاب ہوئے جبکہ 22 مریض تشویشناک حالت میں ہیں۔

میو ہسپتال میں کورونا کا ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا

میو ہسپتال میں کورونا کا ایک اور مریض جان کی بازی ہار گیا ہے۔ 62 سالہ شخص بیگم پورہ کا رہائشی تھا۔ جاں بحق مریض سانس میں دشواری سمیت دیگر موذی امراض میں بھی مبتلا تھا۔ سی ای او میو ہسپتال ڈاکٹر اسد اسلم نے تصدیق کر دی ہے۔

ڈاکٹر اسد اسلم کے مطابق میو ہسپتال میں کورونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 26 ہو گئی ہے جبکہ 14 مریض تاحال آئی سی یو میں زیر علاج ہیں۔

این ڈی ایم اے کی جانب سے چین سے خریدا گیا طبی سامان اسلام آباد پہنچ گیا

پی آئی اے کا خصوصی طیارہ 18 ٹن سامان لے کر نیواسلام آباد ایئر پورٹ پہنچا۔ چیئرمین این ڈی ایم محمد افضل اور این ڈی آر ایم ایف کے سربراہ ندیم احمد نے سامان وصول کیا۔

خریدے گئے طبی سامان میں 159 وینٹی لیٹرز اور 15 ایکسرے مشین شامل ہیں۔ اس کے علاوہ 200 تھرمل گنز، ڈاکٹروں اور طبی عملہ کے لیے ذاتی حفاظتی اشیا بھی منگوائی گئی ہیں۔ 2 لاکھ 90ہزار سرجیکل ماسک اور 15ہزار حفاظتی سوٹ بھی سامان میں شامل ہیں۔ 30 ہزار دستانوں کے جوڑے اور 5 ہزار حفاظتی عینکیں بھی خریدی گئی ہیں۔

کراچی: جناح ہسپتال کے کورونا آئسولیشن وارڈ میں زیر علاج 31 سالہ شخص نے خود کشی کرلی

کراچی کے علاقے لانڈھی کے رہائشی کورونا مشتبہ مریض نے ہسپتال کی تیسری منزل سے چھلانگ لگائی۔ ڈاکٹروں کے مطابق خود کشی کرنے والا شخص نشہ کا عادی اور ذہنی مریض تھا۔ متاثرہ شخص کو فوری زخمی حالت میں ایمرجنسی لے جایا گیا جہاں وہ دوران علاج انتقال کر گیا۔ کورونا کے مشتبہ مریض نے آئسولیشن وارڈ کی کھڑی توڑ کر چھلانگ لگائی تھی۔ اسے کل ہی ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا۔

بلوچستان میں مزید ایک مقامی شخص میں کورونا وائرس کی تشخیص

ترجمان حکومت بلوچستان کے مطابق دو روز کے دوران 72 مقامی افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی، صوبے میں 151 زائرین کیساتھ کل متاثرہ افراد کی تعداد 853 ہو گئی ہے۔ متاثرہ افراد میں 64 کا تعلق کوئٹہ، 6 پشین، 1 مستونگ اور 1 کا تعلق زیارت سے ہے۔