29 رمضان کو شوال کا چاند نظر آنے کا امکان کم، روزے 30 ہوں گے

Last Updated On 30 April,2020 04:41 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) شوال کے چاند کی غیر معمولی صورت حال ہے، 29ویں روزے کو چاند نظر آنے کے امکانات 30 سے 40 فیصد اور 30 روزے ہونے کے امکانات قدرے زیادہ ہیں۔

اس سے پہلے بھی غیر معمولی طور پر جمادی الاول، جمادی الثانی اور شعبان کے مہینے بھی 30 دن پر مشتمل رہے۔ بتایا گیا ہے کہ رواں سال ماہ شوال کے چاند کے حوالے سے کسی قدر مختلف صورت حال دکھائی دے رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے ذرائع کے مطابق 29ویں روزے کو غروب آفتاب کے وقت کراچی میں چاند کی عمر 20 گھنٹے اور 59 منٹ ہوگی جبکہ اِس کا اینگل 7 ڈگری 18منٹ ہوگا۔

چاند کو دیکھنے کا دورانیہ تقریباً 40 منٹ پر محیط ہوگا۔ مرتب ڈیٹا کے مطابق 29ویں روزے کے دن چاند دیکھے جانے کے امکانات 30 سے 40 فیصد ہیں۔

ماہرین کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ ممکنہ طور پر بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں صورت حال قدرے مختلف ہو سکتی ہے جہاں چاند کا اینگل 8 ڈگری اور اِس کے دیکھے جانے کا دورانیہ 44 منٹ تک ہوسکتا ہے۔

تاہم صورت حال حتمی ڈیٹا مرتب کیے جانے کے بعد واضح ہوگی۔ پنجاب اور ملک کے بالائی علاقوں میں 29ویں روزے کو چاند دیکھے جانے کا کوئی امکان نہیں ہے۔