لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان سٹاک مارکیٹ میں رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، 100 انڈیکس 952.80 پوائنٹس بڑھ گیا جس کے بعد 34 ہزار کی نفسیاتی حد بھی بحال ہو گئی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی ریکارڈ کی گئی اور انڈیکس میں 605.45 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی تھی جس کے بعد 33 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہوئی تھی اور انڈیکس 33 ہزار 158 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا تھا۔
پاکستان سٹاک مارکیٹ میں گزشتہ دو روز کے دوران 1558.25 پوائنٹس کی تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد انڈیکس 33 اور 34 ہزار کی نفسیاتی حد عبور کر گیا۔ اس دوران حصص کی مالیت میں تقریباً اڑھائی سو ارب روپے سے زائد کا فائدہ بھی دیکھا گیا۔
کاروبار کے آغاز پر ہی سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی، پہلے ڈیڑھ گھنٹے کے دوران انڈیکس 450 پوائنٹس بڑھ گیا تھا جس کے بعد انڈیکس 33609 پوائنٹس کی سطح پر دیکھا گیا۔
پورے کاروباری روز کے دوران تیزی کا تسلسل دیکھنے کو ملا، ایک موقع پر انڈیکس 34178.57 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا، تاہم آخری لمحات تک یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور 100 انڈیکس 952.80 پوائنٹس کی تیزی کے بعد 34111.64 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.87 فیصد بہتری دیکھی گئی اور 23 کروڑ 56 لاکھ 82 .ہزار 452 شیئرز کا لین دین ہوا جبکہ حصص کی مالیت میں ڈیڑھ سو ارب روپے سے زائد میں اضافہ دیکھا گیا۔