اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ایرانی ہم منصب جواد ظریف نے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ نے علاقائی صورتحال اور کورونا وبا سے نمٹنے کے حوالے سے مختلف پہلوؤں پر تبادلہ خیال کیا۔
وزیر خارجہ نے ایران میں کرونا وائرس سے ہونیوالے کثیر جانی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی حکومت اور عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ایران کی حکومت اور عوام جس بہادری سے اس عالمی وبا کا مقابلہ کر رہے ہیں، وہ یقیناً قابل تحسین ہے۔ دونوں وزرائے خارجہ کے مابین افغان امن عمل سمیت علاقائی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔
وزیر خارجہ نے مقبوضہ جموں وکشمیر کے حوالے سے پاکستان کے موقف کی مسلسل تائید وحمایت پر ایرانی حکومت اور ایرانی وزیر خارجہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔