پنجاب اور خیبر پختونخوا میں اگلے تین روز مزید بارشوں کی پیشگوئی

Last Updated On 03 May,2020 08:42 pm

لاہور: (دنیا نیوز) اسلام آباد اور لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔ بادل برسنے کا سلسلہ مزید تین روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

اسلام آباد اور راولپنڈی میں موسلا دھار بارش نے جل تھل ایک کر دیا۔ مری میں بھی بارش نے ملکہ کوہسار کاحسن مزید نکھار دیا۔ باغوں کے شہر لاہور میں سارا دن آسمان پر بادلوں کا راج رہا جو وقفے وقفے سے برستے رہے۔ تیز ہواؤں نے موسم بھی خوشگوار بنا دیا۔ کاہنہ اور مرید کے میں بھی بادل جم کر برسے۔

جہلم، وہاڑی، شورکوٹ، جھنگ، اوکاڑہ، گیمبر، بہاولنگر، چشتیاں، منچن آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور آزاد کشمیر میں بھی کہیں تیز اور کہیں ہلکی بارش ہوئی۔

غیر معمولی بارشوں سے گندم کی کٹائی اور گہائی متاثر ہوگی۔ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بعض علاقوں میں جاری بارشیں مزید 2 سے 3 روز تک وقفے وقفے سے جاری رہیں گی۔

پیر سے بدھ کے دوران خیبر پختونخوا( چترال، دیر، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، چارسدہ، کرم، کوہاٹ، وزیرستان، بنوں)، اسلام آباد، پنجاب (راولپنڈی ، اٹک سمیت خطئہ پوٹھوار، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور، وزیر آباد، گجرات، منڈی بہاء الدین، سرگودھا، میانوالی، فیصل آباد، ساہیوال، اوکاڑہ، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، بھکر، لیہ، ملتان، ڈی جی خان، بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان)، کشمیر اور گلگت بلتستان میں آندھی اور گرج چمک ساتھ بارش کا امکان ہے۔

خطہ پوٹھوہار اور پنجاب کے وسیع نہری علاقوں میں جاری گندم کی کٹائی بارشوں سے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ پنجاب میں بارش کے ساتھ ژالہ باری گندم کے لیے نقصان دہ ہو گی۔ حالیہ بارشوں کا مرکز خطہ پوٹھوہار اور ہزارہ کے اضلاع ہوں گے۔