لاہور: (دنیا نیوز) وزارت ریلوے نے 10 مئی سے تیس خصوصی ٹرینیں چلانے کے لیے انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ 9 مئی سے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے لاک ڈاؤن میں ممکنہ نرمی کے بعد ٹرین آپریشن جزوی بحال کیا جائے گا تاہم حتمی منظوری وزیراعظم عمران خان دیں گے۔
ذرائع کے مطابق وزارت ریلوے نے 10 مئی سے جزوی ٹرین آپریشن بحال کرنے کے لیے سمری تیار کر لی ہے۔ 8 مئی کو وزیراعظم پاکستان عمران خان سے منظوری کے بعد حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔
ٹرین آپریشن کی بحالی کے حوالے سے وزارت ریلوے کی جانب سے لاہور ریلوے ہیڈ کوارٹرز کو مراسلہ جاری کر دیا گیا ہے۔ وزارت ریلوے کی جانب سے ہدایت کی گئی ہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی 10 مئی سے بین الصوبائی جزوی ٹرین آپریشن بحال کیا جائے گا۔
مراسلے میں ہدایات دی گئی ہیں کہ پہلے مرحلے میں مین لائن پر 28 سے 30 خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گئی۔ ٹرین آپریشن کی بحالی سے قبل ریلوے ہیڈ کوارٹرز تمام تر تیاریاں مکمل کرے۔
وزارت ریلوے کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ ٹرینوں کے کرایہ ناموں، اینٹی کورونا انتظامات، سٹیشنوں کی سکیورٹی سمیت دیگر معاملات کو بروقت مکمل کیا جائے۔
ٹکٹ صرف آن لائن بکنگ کے زریعے ہی فراہم کی جائے گی۔ ریلوے انتظامیہ پچاس فیصد ریزرویشن کے ساتھ ٹرین چلائے گی۔