لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کے زیر صدارت اجلاس میں لاہور میں انسداد کورونا کیلئےعلیحدہ پالیسی مرتب کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
اس اہم اجلاس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل محمد انیق الرحمن ملک نے بھی شرکت کی۔
اجلاس میں ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل محمد عامر مجید، چیف سیکرٹری جواد رفیق ملک، آئی جی شعیب دستگیر سمیت دیگر حکام بھی شریک رہے۔
اجلاس کے شرکا نے لاہور میں کورونا کے مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد پر تشویش کا اظہار کیا۔ صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے لاہور میں انسداد کورونا کی موثر مینجمنٹ کی الگ پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔
ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو علیحدہ پالیسی بارے سفارشات تیار کرے گی۔ صوبے کی سیاسی وعسکری قیادت نے کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے لئے تمام ضروری وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر متعلقہ انڈسٹری یا بزنس کے خلاف بلا امتیاز کارروائی ہو گی۔ کور کمانڈ لاہور لیفٹیننٹ جنرل ماجد احسان نے کہا کہ ہم آزمائش کی اس گھڑی میں عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔ لاہور کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر الگ لائن آف ایکشن پر عملدرآمد ضروری ہے۔
وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ پاک فوج نے مشکل وقت میں ہمیشہ قوم کا بھرپور ساتھ دیا ہے۔ کھلنے والے کاروبار کو ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہوگا۔ پنجاب میں کورونا کے ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد ٹیسٹ کر چکے ہیں۔