لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے واضح کیا ہے کہ سب کو ہوم آئسولیشن کی اجازت نہیں دی جا سکتی، جس گھر کے کمرے میں الگ کمرہ اور واش روم ہوگا، انہیں اجازت دی جائے گی۔
انہوں نے کہا ہے کہ گھروں میں آئسولیشن کے حوالے سے کام کر رہے ہیں، امید ہے ہفتے سے ہوم آئسولیشن کا نوٹی فیکشن جاری ہو جائے گا۔ ہماری کوشش ہے جتنی جلدی ہو ٹیسٹ کیے جائیں۔
دنیا نیوز کے پروگرام ’’اختلافی نوٹ‘‘ میں گفتگو کرتے ہوئے یاسمین راشد نے کہا کہ ہم نے ٹیسٹوں کی استعداد کو بڑھایا ہے، خوش آئند بات یہ ہے کہ 90 فیصد لوگوں میں زیادہ مسئلہ نہیں، 6 ہزار کے قریب روزانہ ٹیسٹ کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل صورتحال سے گزر رہا ہے۔ تاہم ہم زبردستی لاک ڈاؤن پر عمل نہیں کرا سکتے۔ لوگوں کو خود ہی احتیاطی تدابیر پر عمل کرنا چاہیے۔ وزیراعظم نے کہا اگر حالات خراب ہوئے تو دوبارہ لاک ڈاؤن کرنا پڑے گا۔