چکوال: (ویب ڈیسک) ڈپٹی کمشنر چکوال نے کہا ہے کہ او جی ڈی سی ایل کی مجرمانہ غفلت کی وجہ سے علاقے میں مزید لوگوں کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔
ڈپٹی کمشنر چکوال کیپٹن ریٹائرڈ عبدالستار عیسانی نے میڈیا سے گفتگو میں انکشاف کیا ہے کہ راجعان آئل فیلڈ میں کورونا کا ایک مریض جب پازیٹو نکلا تو او جی ڈی سی ایل نے بغیر انتظامیہ کے نوٹس میں لائے اسے اسلام آباد ریفر کر دیا۔
انہوں نے بتایا کہ ضلعی انتظامیہ نے مریض کیساتھ رہائش پذیر دیگر چھ افراد کے ٹیسٹ کروائے جن میں سے تین پازیٹو نکل آئے۔ اس پر پورا آئل فیلڈ کیمپ سیل کرتے ہوئے کمپنی کو ہدایت کی گئیں کہ اپنے باقی ماندہ 79 ملازمین کا بھی ٹیسٹ کروایا جائے، ان کے ٹیسٹ کروانے پر مزید تین افراد میں کورونا پازیٹو نکل آیا۔
ڈپٹی کمشنر نے او جی ڈی سی ایل کی اس مجرمانہ غفلت پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقے میں مزید لوگوں کے متاثر ہونے کا اندیشہ ہے۔ او جی ڈٰی سی ایل نے حکومت کے ایس او پیز کو بالکل فالو نہیں کیا اور ڈسٹرکٹ انتظامیہ کے علم میں نہ لا کر سخت مجرمانہ غفلت کا ثبوت دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومتی ایس او پیز کے مطابق کورونا کیس آنے پر علاقے کو سیل کر دیا جاتا ہے اور لوگوں کے سیمپل لے کر لیبارٹری بھیج دیے جاتے ہیں، اس کے بعد علاقے کو ڈس انفیکٹ کیا جاتا ہے، جب تمام افراد کے ٹیسٹ نگیٹو آئیں تب ہی اس کو ڈی سیل کیا جاتا ہے۔
کیپٹن ریٹائرڈ عبدالستار عیسانی نے کہا کہ اس وبا کے کنٹرول کے لیے شروع دن سے ریسکیو 1122، پولیس، ریونیو، آرمی اور لوکل گورنمنٹ کا عملہ ضلع کے لوگوں کی زندگیوں کو بچانے کے لیے اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کے دن رات کام کر رہا ہے۔