وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر تعیناتیاں، کابینہ ڈویژن غلط معلومات دینے پر برہم

Last Updated On 15 May,2020 03:36 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) کابینہ ڈویژن نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بغیر تعیناتیوں کے معاملے پر مختلف وزارتوں کی جانب سے غلط معلومات دینے پر برہمی اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم نے تمام وزارتوں کے سیکرٹریز سے دستخط شدہ سرٹیفکیٹ مانگ لیے۔ کابینہ ڈویژن نے وزراتوں کو مراسلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا کہ 24 اپریل کو وزیراعظم کی ہدایت پر وزارتوں سے کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تعیناتیوں کی تفصیلات طلب کی تھیں، 12 مئی کے اجلاس میں وزارتوں کی جانب سے پیش کردہ بعض تفصیلات درست نہیں تھیں، بعض وزارتوں نے کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تعیناتیوں کی نشاندہی نہیں کی۔

مراسلے میں مزید کہا گیا کہ بعض وزارتوں نے جانچ پڑتال کے بغیر تمام تعیناتیاں ہی خلاف ضابطہ قرار دیں، وزیراعظم چاہتے ہیں وزارتوں کے سیکرٹریز معلومات فراہمی کے ساتھ اپنے دستخط شدہ سرٹیفکیٹ جمع کرائیں، وفاقی وزارتیں کابینہ کی منظوری کے بغیر ہونے والی تمام تعیناتیوں کی تفصیل 15 مئی تک کابینہ ڈویژن کو جمع کرائیں۔
 

Advertisement