لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان میں عالمی وبا کورونا وائرس کے پھیلاؤ میں کمی نہ آسکی اور وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی مجموعی تعداد 38799 ہو گئی ہے جبکہ 834 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک مرتبہ پھر 1851 نئے کیسز سامنے آئے ہیں۔ نئے کیسز کی تعداد سامنے آنے کے بعد ملک بھر میں ٹیسٹوں کی تعدا دمیں بھی اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں 14878 ٹیسٹ کیے گئے جبکہ ملک بھر میں اب تک 3 لاکھ 59 ہزار 264افراد کے ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 31 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں، جسکے بعد ملک بھر میں جاں بحق افراد ہونے والے افراد کی تعداد 834 ہو گئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ملک بھر میں 10880 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں جس کے بعد ملک بھر میں 27919 کنفرم مریض ہیں۔
وفاقی دارالحکومت سمیت دیگر صوبوں کی مرحلہ وار رپورٹ کا جائزہ لیا جائے تو اس وقت ملک بھر میں سب سے زیادہ کیسز کی تعداد سندھ میں ہے جہاں پر 14916 کیسز ہیں۔
دوسرے نمبر پر پنجاب ہے، جہاں پر مریضوں کی تعداد 14201 ہے، بلوچستان میں 2457، خیبر پختونخوا میں 5678، اسلام آباد میں 921، آزاد کشمیر میں 108اور گلگت بلتستان میں 518مریض ہیں۔
ملک بھر میں جاں بحق افراد کی بات کی جائے تو خیبرپختونخوا میں ہلاکتیں سب سے زیادہ ہیں، جہاں پر 291افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، سندھ میں 255افراد خالق حقیقی سے جا ملے، پنجاب میں 245افراد کورونا وائرس سے لڑتے لڑتے جانبرنہ ہو سکے۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں 7، بلوچستان میں 31، گلگت بلتستان میں 4افراد دار فانی سے کوچ کر گئے ہیں جبکہ آزاد کشمیر میں بھی ایک مریض چل بسا ہے
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق آزاد کشمیر میں 76، بلوچستان میں 383، گلگت بلتستان 345، اسلام آباد میں 100، خیبر پختونخوا میں 1613، پنجاب میں 4757، سندھ میں 3606افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔