اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا ہے کہ وینٹی لیٹرز کے حوالے سے حالات انڈر کنٹرول ہیں، فیصل آباد سے متعلق سوشل میڈیا کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، حالات یہی رہے تو جون کے آخر تک دو ہزار وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہوگی۔
اسلام آباد میں میڈیا کو کورونا وائرس کی صورتحال بارے بریفنگ دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں 128 افراد وینٹی لیٹرز پر ہیں۔ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر میں 4200 کے قریب وینٹی لیٹرز موجود جبکہ 1310 وینٹی لیٹرز کا آرڈر دیا ہوا ہے۔
لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل نے کہا کہ جون کے آخر تک 2 ہزار وینٹی لیٹرز کی ضرورت ہوگی۔ 31 مئی تک ہمارے پاس 585 آئی سی یو وینٹی لیٹرز موجود ہوں گے۔ کچھ ہسپتالوں میں پریشر بڑھ سکتا ہے۔ امریکا نے بھی 200 وینٹی لیٹرز کی فراہمی کی پیشکش کی۔ ان میں سے 100 وینٹی لیٹرز جلد پاکستان پہنچ جائیں گے۔
چیئرمین این ڈی ایم اے کا کہنا تھا کہ ٹڈی دل کوئی سیاسی مسئلہ نہیں ہے۔ تمام سیاسی۔ مذہبی اور علاقائی گروپوں سے کہوں گا کہ پوائنٹ سکورننگ کے بغیر آئیں، مل کر کام کریں۔ پنجاب کے چار ڈویژن میں ٹڈی دل کے خلاف آپریشن جاری ہے، اس سلسلے میں دوائیں تمام صوبوں کو فراہم کر دی ہیں جبکہ 9 جہازوں کا بھی بندوبست کر لیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جون کے پہلا اور دوسرا ہفتہ خطرے کی گھنٹی ہوگی۔ ٹڈی دل ایران اور مسقط سے پاکستان کا رخ کرے گا۔ ہم نے اپنی پوری تیاری کر لی ہے۔ چین نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے 3 لاکھ لیٹر دوائی فراہم کی ہے۔ جون کے دوسرے ہفتے میں ایک لاکھ لیٹر دوائی کا آرڈر پہنچ جائے گا۔