عثمان بزدار سے منتخب نمائندوں کی ملاقات، کورونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات پر تبادلہ خیال

Last Updated On 28 May,2020 02:50 pm

لاہور: (دنیا نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سے ملتان میں ایم این اے عامر ڈوگر اور منتخب نمائندوں کی ملاقات ہوئی جس میں کورونا وباء سے نمٹنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملتان کے ترقیاتی پیکیج کے تحت مختلف منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت پر بھی بات چیت ہوئی۔

اس موقع پر سردار عثمان بزدار کا کہنا تھا پنجاب میں کورونا سے نمٹنے کے لئے سیاسی و انتظامی ٹیم متحرک ہے، کورونا اور  ٹڈی دل  کے خلاف کثیر الجہتی حکمت عملی اپنائی گئی ہے، کورونا کے خلاف کامیابی کے لئے عوام کا تعاون ناگزیر ہے، شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر من وعن عمل کرنا چاہیے۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ کورونا سے خوفزدہ اپوزیشن رہنماؤں نے اہم ترین مسئلے پر بھی قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کی، پاکستانی قوم اپوزیشن رہنماؤں کے منفی رویے سے مایوس ہے، افسوس کا مقام ہے کہ اپوزیشن کورونا پر بھی سیاست چمکانے سے باز نہیں آئی، حکومت کے بر وقت اور مثبت اقدامات کو شہریوں نے سراہا ہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ بد قسمتی سے اپوزیشن کے پاس کورونا سے نمٹنے کا کوئی پلان نہیں، یہ عناصر ماضی کی طرح صرف بلند و بانگ دعوے ہی کر رہے ہیں۔
 

Advertisement