اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے چیئرپرسن ایف بی آر کے رویے پر سخت اظہار ناراضگی کرتے ہوئے ان سے ذاتی حیثیت میں جواب طلب کر لیا ہے۔
سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے چیئرپرسن ایف بی آر نوشین جاوید کے نام جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین صادق سنجرانی ان کے رویے پر سخت نالاں ہیں، وہ دو طے شدہ ملاقاتوں سے معذرت کر چکی ہیں۔
مراسلے میں کہا گیا ہے کہ چیئرپرسن ایف بی آر ذاتی حیثیت میں غیر ذمہ دارنہ رویے پر وضاحت پیش کریں۔ غیر تسلی بخش جواب کی صورت میں معاملہ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے استحقاق کو بھیجا جا سکتا ہے۔
خط کے متن میں کہا گیا ہے کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور چیئرپرسن ایف بی آر کے درمیان اپریل اور مئی میں ملاقاتیں شیڈول تھیں۔ پالیسی بورڈ کے ممبر سینیٹر کہدہ بابر بھی چئیرپرسن کے غیر ذمہ دارانہ رویہ سے متعلق مشیر خزانہ کو آگاہ کر چکے ہیں۔