اسلام آباد: (دنیا نیوز) سپریم کورٹ میں سینٹورس مال کیس کی سماعت کے دوران میئر اسلام آباد کی سخت سرزنش کی گئی۔ عدالت نے کہا کہ میئر صاحب! آپ اپنی پوزیشن ہمارے سامنے خود خراب کر رہے ہیں، آپ سنجیدہ آدمی نہیں لگ رہے، اب تک آپ کو اٹھارہ ارب روپے مل چکے لیکن اسلام آباد میں ہر طرف گند پڑا ہوا ہے۔
کیس کی سماعت کے دوران میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے موقف اختیار کیا کہ بیورو کریسی اسلام آباد میں انتخابات نہیں چاہتی تھی، اسی وجہ سے کام نہیں کرنے دیا جا رہا۔ سیکریٹری داخلہ نے عدالت کو بتایا کہ اب تک اٹھارہ ارب روپے میونسپل کارپوریشن اسلام آباد کو دے چکے ہیں۔
جسٹس عمر عطا بندیال نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد میں ہر طرف گند پڑا ہوا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ میئر صاحب! آپ اپنی پوزیشن ہمارے سامنے خود خراب کر رہے ہیں، آپ کو کس چیز کا انتظار ہے؟ کیا آپ کیلئے آسمان سے من وسلویٰ اترنا ہے؟ لکیر کے فقیر نہ بنیں۔
عدالت نے میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز کے اختیارات کا جائزہ لینے کے لئے کمیٹی تشکیل دیتے ہوئے اسے ایک ماہ کی مہلت دیدی۔