ملتان: فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث تمام ترقیاتی منصوبے تاخیر کا شکار

Last Updated On 03 June,2020 08:55 am

ملتان: (دنیا نیوز) ملتان میں فنڈز کی فراہمی میں تعطل اور عدم دستیابی کے باعث کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ مکمل نہیں ہو سکا، شہریوں نے حکومت سے رواں بجٹ میں خطیر رقم مختص کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

ملتان میں گزشتہ سال 468 مختلف سکیموں کیلئے 12 ارب 83 کروڑ 70 لاکھ روپے مختص کیے گئے لیکن حکومت نے منصوبوں کیلئے 9 ارب 95 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کیے جس میں سے 4 ارب 12 کروڑ 20 لاکھ روپے کورونا وائرس کے چکر میں واپس منگوا لیے جس کی وجہ سے فراہم کردہ بجٹ کا 59 فیصد خرچ ہونے کے باوجود کوئی بھی منصوبہ تاحال مکمل نہیں ہو سکا۔

ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ کا کہنا ہے کہ فنڈز کی عدم دستیابی کے باعث کئی منصوبوں کے تخمینہ لاگت میں بھی اضافہ ہو چکا ہے اور اسی لیے حکومت سے تمام پہلووں کو مدنظر رکھ کر بجٹ فراہم کرنے کی درخواست کر دی ہے جن کے میسر آنے پر تمام ادھورے منصوبے جلد مکمل کر لیں گے۔

ضلعی انتظامیہ نے رواں بجٹ میں زیادہ سے زیادہ ترقیاتی فنڈز مختص کرانے کیلئے وزیر خارجہ اور ارکان اسمبلی سے بھی رجوع کر لیا ہے لیکن کورونا وائرس کے باعث فنڈز کے مسائل حل ہوتے دکھائی نہیں دے رہے۔
 

Advertisement