ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں اسیران کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد

Last Updated On 24 May,2020 03:57 pm

ملتان: (دنیا نیوز) ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں اسیران کی بڑی تعداد کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شریک اسیران کو عید گفٹس بھی دئیے گئے جس سے ان کی عید کی خوشی مزید دوبالا ہو گئی۔

ڈسٹرکٹ جیل ملتان میں کورونا وائرس سے بچاو کیلئے حفاظتی تدابیر کو مدنظر رکھ کر عید کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں شریک 500 سے زائد اسیران میں پنجاب حکومت کی جانب سے عید گفٹس تقسیم کیے گئے جس سے عید کی خوشی دوبالا ہونے پر اسیران نے حکومتی کاوش کو بھی خوب سراہا۔

اس موقع پر چیف وہپ عامر ڈوگر کا کہنا تھا کہ عید پر سزاوں میں کمی سے اسیران کی بڑی تعداد مستفید ہو چکی ہے تاہم جیل میں تقریب کا انعقاد خوش آئند ہے جس سے مثبت تفریح کیساتھ اسیران کی اصلاح میں بھی کافی حد تک مدد ملے گی۔

لاک ڈاون کے باعث جیلوں میں عزیزواقارب سے ملاقاتوں پر تاحال پابندی ہے جس سے گزشتہ دو ماہ سے ہی اسیران کی اکثریت ذہنی دباو کا شکار ہے تاہم عید کی تقریب سے اسیران میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

کورونا وائرس اور طیارہ حادثہ کے باعث جیل میں سادگی سے عید منائی گئی جس میں اسیران نے شہدا کے درجات کی بلندی کیلئے بھی دعا کی۔
 

Advertisement