ملتان: (دنیا نیوز) ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل کا حملہ شدید ہو گیا، بڑے پیمانے پر فصلوں کو نقصان پہنچنے سے کاشتکاروں کی مشکلات بڑھ گئیں۔
ملتان سمیت جنوبی پنجاب کے مختلف اضلاع میں ٹڈی دل آوٹ آف کنٹرول ہو چکا ہے جس کو کنٹرول کرنے کیلئے پلانٹ پروٹیکشن یونٹ کے پاس وسائل دستیاب نہیں اسی لیے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ نے سبزہ خور کیڑے کے خاتمے کی ذمہ داری سنبھال لی ہے لیکن اس کے باوجود ٹڈی دل کا حملہ شدید ہونے پر کاشتکار تنظیمیں بھی پریشان ہیں۔
وزیر خارجہ کو بھی مثالی کاشتکار ہونے کی حیثیت سے ٹدی دل کی بے پناہ افزائش اور فصلوں پر حملوں کے حوالے سے تحفظات ہیں جس پر شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ سبزہ خور کیڑے سے صورتحال گھمبیر ہو چکی ہے اسی لیے وزیر اعظم کے احکامات پر وفاقی وزیر فخر امام کی سربراہی میں بنائی گئی کمیٹی فصلوں کو بچانے کیلئے فوری اپنا کردار ادا کرے۔
ٹڈی دل کی بلوچستان میں 60 فیصد رقبے پر جبکہ سندھ میں 25 اور پنجاب میں 15 فیصد رقبے پر افزائش ہوچکی ہے جس سے سبزہ خور کیڑے کی فصلوں پر حملے کی شدت میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔