اسلام آباد: (دنیا نیوز) پانچ ماہ سے چین کے شہر ووہان میں پھنسے پاکستانی طلبہ کی وطن واپسی کیلئے پی آئی اے کی دوسری خصوصی پرواز 5 جون کو ووہان روانہ ہوگی۔ خصوصی پرواز کے ذریعے 300 پاکستانی طلبہ کو وطن واپس لایا جائیگا۔
ووہان سے آنے والی خصوصی پرواز کے حوالہ سے انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ پاکستانی طلبہ کا ایئرپورٹ پر طبی معائنہ کیا جائے گا اور این آئی ایچ کی ٹیم ان کے کورونا ٹیسٹ کرے گی۔
کورونا کی علامات ظاہر نہ ہونے پر طلبہ کر گھر جانے کی اجازت دی جائے گی جبکہ ٹریکنگ اینڈ ٹریسنگ سسٹم کے تحت چین سے آنے والے پاکستانی طلبہ کا ایئرپورٹ پر رہائشی ایڈریس اور فون نمبر بھی ریکارڈ کیا جائے گا۔
ترجمان پی آئی اے کے مطابق خصوصی پرواز پی کے 8872 کے ذریعے پاکستانی طلبہ کو ووہان سے اسلام آباد لایا جائیگا۔ حکومت کی ہدایات کے مطابق طلبہ کے لئے خصوصی رعایتی کرایہ متعارف کروایا گیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پی آئی اے کی پرواز ووہان سے دوپہر 3 بج کر 40 منٹ پر روانہ ہوگی جو اسلام آباد مقامی وقت کے مطابق 7 بجے پہنچے گی۔