لاہور: (دنیا نیوز) مسلم لیگ (ن) کے رکن صوبائی اسمبلی شوکت منظور چیمہ گزشتہ کئی روز سے وینٹی لیٹر پر تھے۔ ملک بھر میں ایک ہی روز میں چار ہزار ایک سو اکتیس کیس ریکارڈ، مریضوں کی تعداد 80 ہزار چار سو تریسٹھ تک پہنچ گئی۔
ڈاکٹرز کے مطابق مرحوم ایم پی اے شوکت منظور چیمہ دل کے شدید عارضے میں بھی مبتلا تھے۔ کورونا وائرس کے باعث ان کی طبعیت بگڑ چکی تھی جس کے بعد انھیں گزشتہ سات روز سے وینٹی لیٹر پر منتقل کر دیا گیا تھا۔
واضح رہے کہ شوکت منظور چیمہ پی پی 51 وزیر آباد سے مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ پر مسلسل تیسری مرتبہ رکن پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ (ن) کے رہنما نہال ہاشمی، انجینئر امیر مقام اور عطا تارڑ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔
ادھر وزیر کھیل بلوچستان عبدالخالق ہزارہ بھی کورونا وائرس کا شکار ہو چکے ہیں۔ انھیں سانس میں دشواری کے باعث کراچی کے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ بلوچستان کابینہ میں عبدالخالق ہزارہ تیسرے وزیر ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے۔ صوبائی وزیر خزانہ ظہور بلیدی اور وزیر ریونیو سلیم کھوسہ بھی اس سے قبل کورونا سے متاثر ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: صوبائی وزیر کچی آبادی مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے
یاد رہے کہ گزشتہ روز صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ بھی کورونا وائرس کے باعث انتقال کر گئے تھے۔ مرحوم کئی روز سے ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کا تعلق پاکستان پیپلز پارٹی سے تھا۔ انھیں بھی پچھلے ایک ہفتے سے وینٹی لیٹر پر رکھا گیا تھا۔
غلام مرتضیٰ بلوچ کورونا وائرس کی وبا سامنے آنے کے بعد مسلسل عوامی خدمت میں مصروف رہے۔ تاہم وبا کی علامات ظاہر ہونے کے بعد انہوں نے خود کو قرنطیہ کر لیا تھا۔ بعد ازاں طبعیت زیادہ خراب ہونے کے باعث ان کے اہلخانہ نے انھیں نجی ہسپتال میں داخل کرایا تھا۔
مرتضیٰ بلوچ کا 14 مئی کو کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔ مرحوم گڈاپ کے ٹاؤن ناظم بھی رہے۔ وہ پی ایس 88 ملیر ٹو رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔
پاکستان میں عوام کی جانب سے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کرنے کے باعث کورونا وائرس مزید پھیلنا شروع ہو چکا ہے۔ صوبہ سندھ اور صوبہ پنجاب کی صورتحال انتہائی خراب ہے جہاں وبا میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
سرکاری اعدادوشمار کے مطابق صوبہ سندھ 31086، صوبہ پنجاب 29489، اسلام آباد 3188، صوبہ بلوچستان 4740، خیبر پختونخوا 10897، آزاد کشمیر 284 اور گلگت بلتستان میں 779 کورونا کے کنفرم مریض ہیں۔
اب تک ملک بھر میں 595344 افراد کے کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں 17370 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 4131 افراد میں کورونا پایا گیا جبکہ 67 اموات رپورٹ ہوئیں۔
اعدادوشمار کے مطابق اموات کے اعتبار سے صوبہ پنجاب کی صورتحال خراب ہے جہاں اب تک 570 افراد اس موذی مرض میں مبتلا ہو کر اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔
دیگر صوبوں کی بات کی جائے تو صوبہ سندھ 526، خیبر پختونخوا 490، اسلام آباد 34، گلگت بلتستان 12 جبکہ آزاد کشمیر کے 7 شہری کورونا وائرس میں مبتلا ہو کر موت کی وادی میں جا چکے ہیں۔
اس موذی مرض سے چھٹکارا پانے والوں کی تعداد صوبہ سندھ میں سب سے زیادہ ہے جہاں اب تک 15538 شہری صحتیاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں۔ دیگر صوبوں میں پنجاب کے 7469، خیبر پختونخوا کے 3085، اسلام آطاد کے 399، گلگت بلتستان کے 529 اور آزاد کشمیر کے 170 مریض صحتیاب ہوئے۔