لاہور: (دنیا نیوز) محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبہ پنجاب میں 20 فیصد ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئے ہیں۔
تفصیل کے مطابق کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر کام کرنے والا طبی عملہ غیر محفوظ ہے۔ پنجاب بھر میں ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف اس وبا میں مبتلا ہونے لگے ہیں۔
محکمہ صحت کی رپورٹ کے مطابق صوبہ بھر میں 20 فیصد طبی عملہ وائرس سے متاثر ہو چکا ہے۔ پنجاب میں 2831 طبی عملے کے ٹیسٹ کروائے گئے تو ڈاکٹرز اور دیگر میڈیکل سٹاف میں 562 افراد کورونا پازیٹو نکلے۔
خیال رہے کہ صوبہ پنجاب میں اب تک کورونا وائرس کی وبا سے 11 ڈاکٹرز اور 2 نرسز شہید بھی ہو چکے ہیں۔ سیکرٹری صحت بیرسٹر نبیل اعوان نے کہا ہے کہ حکومت ڈاکٹرز اور طبی عملے کی حفاظت کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ کورونا وارڈز میں ماسک اور حفاظتی لباس فراہم کیا جا رہا ہے۔ ہسپتالوں میں بغیر کورونا ٹیسٹ ہر قسم کی سرجری اور آپریشن بھی بند ہیں۔