سکول فیس میں 20 فیصد رعایت برقرار رکھی جائے، سندھ ہائیکورٹ

Last Updated On 04 June,2020 10:41 am

کراچی: (روزنامہ دنیا) سندھ ہائی کورٹ نے حکم دیا ہے کہ سکول فیس میں 20 فیصد رعایت برقرار رکھی جائے، عدالت نے رعایتی فیس کا طریقہ کار وضع کرنے کیلئے فریقین کو مشاورت کا حکم بھی دیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں سکول فیس میں رعایت سے متعلق سماعت ہوئی، سندھ ہائیکورٹ نے لاک ڈاؤن کے دوران سکول فیس میں 20 فیصد رعایت برقرار رکھنے کا حکم دیا۔ جسٹس عمر سیال نے کہا کہ درخواست گزار سکولز کے بچے ایلیٹ کلاس سے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ جو 80 فیصد فیس ادا کر سکتے ہیں ان کیلئے مزید 20 فیصد ادائیگی مسئلہ نہیں۔

والدین کے وکیل کا کہنا تھا کہ بیشتر والدین لاک ڈاؤن کی وجہ سے پوری فیس ادا نہیں کرسکتے۔ سندھ ہائی کورٹ نے فیس ادا نہ کرنے والے بچوں کو بے دخل نہ کرنے کا حکم برقراررکھا۔

ایڈووکیٹ جنرل سندھ کا کہنا تھا کہ کئی والدین کو رعایتی فیس ادا کرنے میں بھی شرم آئے گی، یہ واضح ہونا چاہیے کہ حکومتی آرڈیننس معطل نہیں ہوا، سکول مالکان واؤچر پر لکھ دیں جو مکمل فیس ادا کرنا چاہتے ہیں وہ کریں، سندھ حکومت کا قانون فالو کرنا ہوگا۔