کراچی: (دنیا نیوز) حکومت سندھ کی جانب سے ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئے جواب میں کہا گیا ہے کہ مساجد میں عبادات پر پابندی نہیں لگائی، وفاقی حکومت کے 20 نکات اور ایس او پیز کے تحت نماز اور تراویح کی ادائیگی ہورہی ہے۔
تفصیل کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں مساجد میں عبادات پر پابندی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی، اس موقع پر صوبائی حکومت نے تحریری جواب عدالت میں جمع کرایا۔
تحریری جواب میں کہا گیا ہے کہ سندھ حکومت نے مساجد میں عبادات پر پابندی نہیں لگائی، وفاقی حکومت کے 20 نکات اور ایس او پیز کے تحت عبادات ہو رہی ہیں۔
صوبائی حکومت کی جانب سے عالت عالیہ میں مساجد میں عبادات محدود کرنے سے متعلق علما کے فتوے بھی پیش کیے گئے۔ ہائیکورٹ نے درخواستگزار کو جواب الجواب پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 19 مئی تک ملتوی کردی۔ خیال رہے کہ درخواست گزار نے موقف اختیار کیا ہے کہ نمازیوں کو روکنا شرعی اور آئینی خلاف ورزی ہے۔