سندھ ہائیکورٹ کا وفاق کو 2 ہفتے میں ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنیکا حکم

Last Updated On 10 March,2020 11:54 am

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ ہائیکورٹ نے ججز کی عدم تعیناتی سے متعلق کیس میں وفاق کو 2 ہفتے میں ججز کی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنے کا حکم دے دیا۔

کراچی کی دو احتساب عدالتوں میں ججز کی عدم تعیناتی سے متعلق درخواست کی سماعت ہوئی۔ چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ نے وفاقی سیکرٹری قانون پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا جن ججز کے نام دیئے ان کا نوٹیفکیشن کیوں نہیں ہوا ؟ کس قانون کے تحت ہمارے تجویز ناموں کے بجائے اپنے نام شامل کئے، آپ ہوتے کون ہیں کہ اپنی مرضی کے ججز تعینات کرینگے ؟ نوٹیفکیشن جاری کریں ورنہ اچھا نہیں ہوگا۔

سیکریٹری قانون نے کہا چیف جسٹس صدر کی مشاورت کے بعد ججز تعینات کرسکتے ہیں۔ جس پر عدالت نے کہا اب ہم صدر پاکستان کو بلا کر ججز کی تعیناتی پر مشاورت کریں ؟ وفاق صوبے پر اپنا اثرورسوخ استعمال کرنا چاہتا ہے ؟ کراچی کی احتساب عدالتوں میں 350 کیسز زیر التوا ہیں، ایسا کیا گیا تو ہم سب کو ضمانت پر رہائی کا حکم جاری کر دیں گے، ایسا لگتا ہے لوگ بلاوجہ جیلوں میں سڑ رہے ہیں۔