سندھ: تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات 20 مئی سے 20 جولائی تک ہونگی: سعید غنی

Last Updated On 07 March,2020 07:54 pm

کراچی: (دنیا نیوز) سندھ کے تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات بیس مئی سے بیس جولائی تک ہونگی۔ نویں اوردسویں کے امتحانات سولہ مارچ سے شیڈول۔۔ نیا تعلیمی سال پندرہ اپریل سے شروع ہوگا۔۔ وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے اعلان کر دیا۔

محکمہ تعلیم کے سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر تعلیم سندھ نے بتایا کہ نویں اور دسویں جماعت کے امتحانات 16 مارچ سے شیڈول کے مطابق ہوں گے جبکہ 2020-21 کا نیا تعلیمی سال 15 اپریل سے شروع ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں سال موسم گرما کی تعطیلات 20مئی سے شروع ہوں گی اور یہ 20 جولائی تک رہیں گی۔ انٹر میڈیٹ کے امتحانات بھی اپنے شیڈول کے مطابق ہوں گے ،جبکہ سندھ بھر کے تمام سرکاری ونجی تعلیمی ادارے پیر سے کھول دیے جائیں گے تاہم ان میں تدریسی عمل 16 اپریل سے ہی شروع ہوگا۔۔

سعید غنی کا کہنا تھا کہ محکمہ تعلیم کے تمام دفاترکی 2 چھٹیاں ختم کر کے صرف ایک چھٹی کر دی گئی ہے جو اتوار کو ہوگی اور کام کے اوقات کار اب صبح 8 بجے سے سہ پہر3 بجے تک رہیں گے۔ نقل کی روک تھام کے لئے بہت سے اقدام کیے گئے ہیں جس میں کسی بھی طالب علم ،استادیا غیر تدریسی عملے کو امتحانی مراکز کے اندر موبائل فونز لے جانے کی اجازت نہیں ہوگی۔

صوبائی وزیر تعلیم کا کہنا تھا کہ کوئی بچہ نقل کرتے ہوئے پکڑا گیا تو اسے آئندہ دوسرے کسی پیپرز میں بیٹھنے کی اجازت نہیں دی جائے گی اگر کوئی استاد یا غیر تدریسی عملہ نقل کرانے میں ملوث پایا گیا تو اسے ملازمت سے برخاست کردیا جائے گا۔